پاکستان

"ستھرا پنجاب” میں ناقص کارکردگی پر کنٹریکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "ستھرا پنجاب” منصوبے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ صفائی کے نظام میں غفلت یا ناقص کارکردگی کے مرتکب کنٹریکٹرز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں منصوبے سے الگ کر دیا جائے۔
یہ ہدایات وزیراعلیٰ کی زیرصدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی گئیں، جس میں انہیں "ستھرا پنجاب” پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران آگاہ کیا گیا کہ عالمی بینک، یورپی ممالک اور متعدد بین الاقوامی ترقیاتی ادارے اس منصوبے میں شراکت داری کے لیے دلچسپی رکھتے ہیں۔ منصوبے کے تحت پہلی مرتبہ ای-انوائسنگ، سینی ٹیشن فیس کی الیکٹرانک بلنگ، وہیکل ٹرپ کاؤنٹنگ اور وہیکل ٹریکنگ مینجمنٹ جیسے جدید نظام متعارف کروائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کی موجودہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، تاہم کچھ اضلاع میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ:
"صفائی ہر گلی اور محلے میں واضح نظر آنی چاہیے، اور صفائی عملہ مستقل بنیادوں پر متحرک رہے۔ عوام کی توقعات کے مطابق نتائج دینا ہی اصل کامیابی ہے۔”
اجلاس میں پنجاب بھر میں مزید 136 ویسٹ ڈسپوزل پوائنٹس کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صفائی کی مانیٹرنگ کے لیے سیف سٹی کیمروں کو استعمال میں لایا جائے تاکہ زمینی حقائق پر مبنی فوری رپورٹنگ ممکن ہو۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جو کمپنیاں یا ادارے مطلوبہ معیار کے مطابق کام نہیں کر رہے، انہیں منصوبے سے علیحدہ کیا جائے گا، کیونکہ عوامی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button