کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق پامال کیے اور ان کی آزادی سلب کی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم ناقابل قبول ہیں اور بھارت نے نہ صرف کشمیریوں بلکہ اپنے شہریوں سے بھی غداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی اور پاکستان آج بھی کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے عالمی برادری کے سامنے ان کا مقدمہ رکھتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت نے رواں سال مئی میں جارحیت کی غلطی کی، جس کے بعد چند گھنٹوں میں ہی اسے جنگ بندی کے لیے امریکا سے مدد طلب کرنا پڑی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت حالیہ واقعات سے سبق سیکھے گا اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دے گا۔




