اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں مجوزہ اصلاحات پر اجلاس ہوا جس میں ٹیکس کی وصولی میں اضافے کو خوش آئند قرار دیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت اصلاحاتی اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام رکاوٹیں دور کر کے اصلاحات کے مستقل نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کسٹم کلیئرنس میں انقلابی تبدیلیوں کے موثر نفاذ پر بھی زور دیا اور کہا کہ ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے۔
وزیراعظم نے ٹیکس کلیکشن کے ثمرات کو برقرار رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔




