کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرنے کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں میں کئی محاذ کھول چکا ہے، جن میں کراچی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والا ظلم پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور یہ جنگ کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی جاری ہے۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ماضی میں کراچی میں روزانہ 10 سے 20 افراد مارے جاتے تھے، جن کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی مالی معاونت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے بھی بھارت کی سازشیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی ہر واردات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہوتا ہے اور جب بھی دہشت گردی کا ذکر آتا ہے تو سب سے پہلے بھارت کا نام لیا جانا چاہیے۔ بھارت ہر معمولی واقعے میں بھی پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے والدین اور اساتذہ سے کہا کہ وہ بچوں کو یہ باور کرائیں کہ بھارت ہمارا دشمن ہے اور اس سے ہوشیار رہنا چاہیے۔




