امریکہ/چین: بین الاقوامی سطح پر مشہور ٹیکنالوجی فرموں کے تیار کردہ مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کے درمیان ایک منفرد شطرنج مقابلہ منعقد ہوا، جس میں روزمرہ استعمال کے لیے بنائے گئے اے آئی سسٹمز نے حصہ لیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، یہ ٹورنامنٹ تین دن تک گوگل کے زیرِ انتظام پلیٹ فارم ‘کیگل’ پر منعقد ہوا، جس میں آٹھ ماڈلز شامل تھے جن میں انتھروپک، گوگل، اوپن اے آئی، ایکس اے آئی، اور چین کی کمپنیاں ڈیپ سیک اور مون شاٹ اے آئی شامل تھیں۔
فائنل میں اوپن اے آئی کے او 3 ماڈل نے ایکس اے آئی کے گروک 4 کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتح بن گیا اور پورے مقابلے میں ناقابلِ شکست رہا۔
تیسری پوزیشن گوگل کے جیمینائی ماڈل کے حصے میں آئی، جس نے پلے آف میچ میں اوپن اے آئی کے دوسرے ماڈل کو ہرایا۔
اگرچہ ان اے آئی ماڈلز نے شطرنج میں عمدہ مہارت کا مظاہرہ کیا، مگر اب بھی کھیل کی باریکیوں کو سیکھنے کا عمل جاری ہے۔ سیمی فائنل تک گروک 4 کو سب سے مضبوط کھلاڑی سمجھا جا رہا تھا، لیکن فائنل میں اس کی کارکردگی غیر متوقع طور پر کمزور ہوئی اور اس نے کئی اہم غلطیاں کیں، جن میں اپنی ملکہ کھونا بھی شامل تھا۔
شطرنج کے عظیم کھلاڑی ہیکارو ناکامورا نے تبصرہ کیا کہ گروک نے بہت سی غلطیاں کیں، جب کہ اوپن اے آئی نے مستحکم کھیل پیش کیا۔
شطرنج طویل عرصے سے کمپیوٹرز کی ذہانت کی جانچ کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے، لیکن اس مقابلے کا مقصد عام استعمال کے اے آئی ماڈلز کی حکمت عملی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کا اندازہ لگانا تھا۔




