کھیل

پاک بھارت ٹاکرا: دبئی میں آج  ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا مقابلہ

دبئی :  ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کا سب سے بڑا اور ہائی وولٹیج مقابلہ آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اس سنسنی خیز ٹاکرے پر جمی ہوئی ہیں، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری، مکمل اعتماد اور جیت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ یہ سال 2025 کے دوران دونوں روایتی حریفوں کا پہلا براہِ راست مقابلہ ہے، جبکہ چھ ماہ کے اندر یہ دوسری بار ہے جب دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھی مدمقابل آ چکی ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں فخر زمان، صائم ایوب، سلمان آغا اور حارث رؤف سے بڑی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے شبمن گل، سوریا کمار یادیو اور جسپریت بمراہ کو میچ کا گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان نے حال ہی میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر تین ملکی سیریز اپنے نام کی ہے، جبکہ بھارت نے گزشتہ میچ میں یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی فارم کا ثبوت دیا۔

ایشیا کپ میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 19 مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں بھارت نے 10 اور پاکستان نے 6 میچز جیتے ہیں، جبکہ تین میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری کامیابی 2022 میں حاصل کی تھی۔ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت 8 بار چیمپئن رہ چکا ہے، جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز 2 مرتبہ حاصل کیا ہے۔

گزشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی بلے باز صائم ایوب نے کہا:”قومی ٹیم بڑے مقابلے کے لیے مکمل تیار ہے۔ پاک بھارت میچ لوگوں کے لیے بڑا ہوتا ہے، لیکن ہم ہر میچ کو ایک جیسی اہمیت دیتے ہیں۔ اگر کسی کھلاڑی کی پرفارمنس نہ بھی ہو، تو وہ ایک بڑا میچ جتوا کر ٹیم کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔ وکٹ خشک ہے، اس لیے پہلے بیٹنگ کرنا بہتر فیصلہ ہوگا۔”
پاکستانی شائقین کی نظریں اپنی ٹیم پر مرکوز ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم اس وقت شاندار فارم میں ہے، اور آج بھارت کو شکست دے کر ایک یادگار فتح حاصل کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button