کیلیفورنیا:میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ نے ایک نیا کلوز فرینڈز فیچر متعارف کرایا ہے، جو انسٹاگرام کے کلوز فرینڈز فیچر کی طرح صارفین کو اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ مخصوص اسٹیٹس شیئر کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور صارفین کو اپنی پرائیویسی پر مزید کنٹرول فراہم کرتا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق، صارفین کلوز فرینڈز کی ایک الگ فہرست بنا کر اپنی اسٹیٹس صرف انہی کے ساتھ شیئر کر سکیں گے، جبکہ یہ اسٹیٹس ایک خاص رنگ میں دکھائی دے گا تاکہ اسے آسانی سے پہچانا جا سکے۔ صارفین بغیر کسی اطلاع کے اپنی فہرست میں افراد کو شامل یا خارج بھی کر سکتے ہیں، جس سے پرائیویسی میں اضافہ ہوگا۔
یہ فیچر اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اگر اسٹیٹس پوسٹ کرنے کے بعد کوئی نیا فرد کلوز فرینڈز میں شامل کیا جائے تو وہ پرانا اسٹیٹس نہیں دیکھ پائے گا، اور اگر صارف پرانی پوسٹ نئے افراد کے ساتھ شیئر کرنا چاہیں تو انہیں اسے دوبارہ اپ لوڈ کرنا ہوگا۔
اسی کے ساتھ، واٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کے لیے مائی اسٹیٹس کا نیا آپشن بھی متعارف کرایا ہے جو انہیں کسی بھی ایپ سے براہِ راست تصاویر یا ویڈیوز اسٹیٹس پر پوسٹ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس سے صارفین کو بار بار واٹس ایپ کھولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ اپنی پوسٹس کو آسانی سے ایڈٹ بھی کر سکیں گے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اپ ڈیٹس واٹس ایپ کو زیادہ محفوظ اور صارف دوست بنانے کی جانب اہم قدم ہیں، جس سے صارفین کو اپنی معلومات شیئر کرنے میں اعتماد ملے گا۔




