کابل: افغانستان میں طالبان حکومت نے ملک گیر سطح پر فائبر آپٹک انٹرنیٹ سروس بند کر دی ہے، جس کے باعث کابل اور دیگر کئی علاقوں میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ بند ہو چکا ہے۔ موبائل ڈیٹا کی سپیڈ بھی انتہائی کم ہو کر صرف 2G تک محدود ہو گئی ہے۔
انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان نے تصدیق کی ہے کہ اس معطلی کا حکم طالبان کی طرف سے آیا ہے، جس کے نتیجے میں شہری، کاروباری طبقہ، طلبہ اور میڈیا ادارے شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ طلوع نیوز سمیت متعدد میڈیا اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اس پابندی سے ان کی نشریاتی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔
طالبان حکام کا موقف ہے کہ انٹرنیٹ معطلی کا مقصد "غیراخلاقی مواد” کی روک تھام ہے، تاہم افغان شہریوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام آزادی اظہار اور آزاد میڈیا کو دبانے کی کوشش ہے۔




