ملائیشیا:ملائیشیا کے جوہر بارو میں کل سے شروع ہونے والے سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں 21 سال سے کم عمر کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔ پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم اپنے پہلے میچ میں میزبان ملک ملائیشیا کے خلاف مقابلہ کرے گی، جبکہ دوسرا میچ انگلینڈ کے خلاف ہوگا۔
پاکستانی ٹیم نے ہیڈ کوچ کامران اشرف کی قیادت میں سخت تربیت کی ہے اور پریکٹس سیشنز کے ذریعے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ مضبوط حریفوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
یہ ٹورنامنٹ خاص طور پر اس وقت دلچسپی کا مرکز بن گیا ہے جب 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کی جونیئر ٹیمیں ایک بار پھر روایتی حریفوں کے طور پر آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ دونوں ملکوں کے ہاکی شائقین کے لیے سنسنی خیز اور اہم موقع ہوگا۔
قومی ٹیم کے کپتان حنان شاہد کا کہنا ہے کہ افتتاحی میچ بہت اہم ہوتا ہے اور ٹیم نے اپنی پریکٹس کے ذریعے میچ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی ٹیم مضبوط ہے اور جیت کر اعتماد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔




