مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے 2025 کی دوسری سہ ماہی کے دوران پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر 2 کروڑ 54 لاکھ 48 ہزار 992 ویڈیوز حذف کر دیں۔
ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کردہ کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں مواد ہٹانے کی شرح 99.7 فیصد رہی، جبکہ 96.2 فیصد ویڈیوز کو اپ لوڈ کیے جانے کے بعد پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل سے جون 2025 کے درمیان عالمی سطح پر 189 ملین ویڈیوز حذف کی گئیں، جو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیے گئے کل مواد کا 0.7 فیصد بنتی ہیں۔ ان میں سے 16 کروڑ سے زائد ویڈیوز خودکار ٹیکنالوجی کی مدد سے شناخت کر کے ہٹائی گئیں، جبکہ 74 لاکھ سے زائد ویڈیوز بعد ازاں جائزہ لے کر بحال کر دی گئیں۔
ٹک ٹاک نے اس سہ ماہی کے دوران 7 کروڑ 76 لاکھ جعلی اکاؤنٹس اور 13 سال سے کم عمر صارفین سے متعلق 2 کروڑ 59 لاکھ مشتبہ اکاؤنٹس بھی حذف کیے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پلیٹ فارم پر ایک محفوظ، شفاف اور مثبت ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ مزید معلومات اور تفصیلی پالیسیوں کے لیے صارفین کو ٹک ٹاک کے ٹرانسپیرنسی سینٹر کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے، جو اردو اور انگریزی زبانوں میں دستیاب ہے۔




