انڈونیشیا:انڈونیشیا نے ایلون مسک کے چیٹ بوٹ ’گروک‘ پر عارضی پابندی لگا دی ہے تاکہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے فحش مواد کی تیاری اور پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ دیگر ممالک نے بھی اس مسئلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، لیکن انڈونیشیا یہ قدم اٹھانے والا پہلا ملک ہے۔
حکام کے مطابق گروک پر پابندی کا مقصد انسانی وقار، شہریوں کی ڈیجیٹل حفاظت اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ وزارتِ ڈیجیٹل امور نے کمپنی ’ایکس آئی‘ سے وضاحت طلب کی ہے اور کہا ہے کہ فحش ڈیپ فیک مواد سنگین قانونی اور اخلاقی مسائل پیدا کرتا ہے۔
ایکس آئی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ تصاویر بنانے اور ایڈٹ کرنے کی سہولت اب صرف ادائیگی کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہوگی، کیونکہ حفاظتی خامیوں کی وجہ سے غیر قانونی جنسی مواد اور بچوں کی عریاں تصاویر سامنے آ رہی تھیں۔
ایلون مسک نے واضح کیا کہ گروک کو غیر قانونی مواد بنانے کے لیے استعمال کرنے والے افراد قانونی نتائج بھگتیں گے۔
اس پابندی کے اعلان کے بعد گروک نے زیادہ تر صارفین کے لیے تصویر بنانے کا فیچر بند کر دیا ہے۔ برطانیہ اور آسٹریلیا نے بھی گروک کے ذریعے فحش مواد تیار کرنے پر تشویش ظاہر کی ہے اور قانونی کارروائی کے اشارے دیے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنریٹیو اے آئی کے ذریعے فحش مواد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر حکومتوں کے اقدامات اہم ہیں تاکہ آن لائن ماحول محفوظ اور ذمہ دار بنایا جا سکے۔




