ٹیکنالوجی

ایپل کے نئے آئی فون میں ایسی ٹیکنالوجی کا اضافہ جسکا پہلے تصور بھی نہیں کیا گیا تھا

کیلیفورنیا :  ایپل کی آئی فون 17 سیریز ستمبر 2025 میں متعارف کرائی گئی تھی، اور اب آئی فون 18 سیریز کی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں، جو کہ ستمبر 2026 میں متعارف ہونے کی توقع ہے۔ اس حوالے سے نئی لیکس سامنے آئی ہیں، جن سے آئی فون 18 پرو ماڈلز میں شامل ہونے والی نئی اپ ڈیٹس کی تفصیلات معلوم ہو رہی ہیں۔

آنے والے آئی فون 18 پرو ماڈلز میں ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جا سکتا ہے جو اس سے قبل کسی بھی اسمارٹ فون میں نہیں دیکھا گیا۔ لیکس کے مطابق، آئی فون 18 پرو اور پرو میکس میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ایپل نے پہلے آئی فون 14 سیریز میں ایمرجنسی ایس او ایس کے ذریعے سیٹلائیٹ کنکٹویٹی متعارف کرائی تھی، مگر اس نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے ایپل ان علاقوں میں انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جہاں ابھی تک یہ سروس دستیاب نہیں ہے۔

فی الحال آئی فونز میں سیٹلائیٹ فیچر ایمرجنسی ایس او ایس، فائنڈ مائی ڈیوائس اور روڈ سائیڈ اسسٹنس تک محدود ہے، مگر نئی اپ ڈیٹ کے بعد آئی فون 18 پرو ماڈلز میں 5 جی سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سپورٹ کی سہولت ملنے کا امکان ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ صارفین روایتی نیٹ ورک کی بجائے براہ راست سیٹلائیٹس کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اگر یہ فیچر درست ثابت ہوا تو آئی فون 18 پہلی سیریز ہوگی جس میں سیٹلائیٹ انٹرنیٹ رسائی دستیاب ہوگی، اور اس سے دور دراز علاقوں میں سفر کے دوران انٹرنیٹ کے مسائل کم ہو جائیں گے۔

ایک اور اہم خبر یہ ہے کہ ایپل نے 2026 میں آئی فونز متعارف کرانے کے لیے نئی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت، آئی فون 18 پرو ماڈلز ستمبر 2026 میں پیش کیے جائیں گے، مگر اسٹینڈرڈ آئی فون 18 مارچ 2027 میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس تبدیلی کا مقصد ایپل کی پرو ماڈلز کی اہمیت کو بڑھانا اور صارفین کو جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button