اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سفارتی سرد مہری کو ختم کرنا اور تمام تصفیہ طلب مسائل کو میز پر لانا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے عباس عراقچی کے ساتھ تمام اہم اور زیرِ التواء معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل چاہے کتنے ہی پیچیدہ کیوں نہ ہوں، ان کا حل صرف مسلسل مکالمے اور مضبوط روابط میں ہی ممکن ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ گفتگو کے دوران یہ اہم فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے حکام مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی اور مستقل رابطے میں رہیں گے تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔
سفارتی حلقے اسحاق ڈار کے اس رابطے کو اسلام آباد میں ہونے والے بین الاقوامی مذاکرات کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔ اس گفتگو سے یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ ایران اور پاکستان اپنے دوطرفہ تعلقات کو کسی بھی بیرونی دباؤ سے بالاتر ہو کر بہتر بنانا چاہتے ہیں۔




