بیجنگ/اسلام آباد: پاکستان نے اپنے بحری دفاع کو جدید ترین عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم اٹھاتے ہوئے پہلی "ہنگور کلاس” آبدوز کی کمیشننگ مکمل کر لی ہے۔ چین میں منعقدہ اس تزویراتی اہمیت کی حامل تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی، جبکہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہماری بحری سرحدوں کا تحفظ اور اقتصادی راہداریوں کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پاکستان اپنی خودمختاری کے خلاف کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ہنگور کلاس آبدوزوں کی جنگی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ آبدوزیں بحیرہ عرب میں پاکستان کی اہم تجارتی گزرگاہوں کی چوکسی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گی۔ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں یہ آبدوزیں موثر دفاعی حصار فراہم کریں گی۔ ہنگور کلاس آبدوزیں اسٹیلتھ خصوصیات اور تباہ کن ہتھیاروں سے لیس ہیں، جو سمندر کے اندر پاکستان کی قوت میں کئی گنا اضافہ کریں گی۔




