ڈھاک:پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی کی داستان رقم کر دی، جہاں بنگلہ دیش نے ڈھاکا ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو 104 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار ٹیسٹ میچ میں زیر کر لیا۔ 268 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کسی بھی مرحلے پر ہدف پانے کے لیے پرعزم نظر نہ آئی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر ناہید رانا پاکستانی بیٹرز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے، انہوں نے اپنی تباہ کن باؤلنگ سے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا اور قومی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ ان کی تیز رفتار گیندوں کے سامنے پاکستان کا تجربہ کار مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔
پاکستانی اننگز میں صرف ون ڈاؤن بیٹر عبداللہ فضل نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 66 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر ٹھہرنے کا حوصلہ نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم بنگلہ دیشی باؤلرز کے سامنے ہتھیار ڈال گئی۔
میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 وکٹوں پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو ایک مشکل ہدف دیا تھا۔ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف یہ لگاتار تیسری ٹیسٹ فتح ہے، جو پاکستانی کرکٹ کے موجودہ ڈھانچے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔




