واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ کے حوالے سے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی لڑائی میں 11 طیارے تباہ ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت سفارتی رابطوں اور کوششوں کے باعث جنگ مزید آگے بڑھنے سے رک گئی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں تقریباً تین کروڑ افراد کی جانیں بچ گئیں۔ ان کے بقول، کشیدگی کا خاتمہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوا۔
ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے بارے میں امریکی صدر نے کہا کہ بات چیت کے دوران کئی معاملات پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور انہیں امید ہے کہ مذاکرات کامیابی سے آگے بڑھیں گے۔
ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے کی صورتحال اور ایران سے متعلق سفارتی سرگرمیاں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔




