لاہور: وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، انہیں مواقع اور مناسب رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ ملکی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے وجیہہ قمر نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ملکی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آج چار ہزار سے زائد نوجوان اس ہال میں موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان کاروبار، جدت اور تخلیقی سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ایسے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ اپنے آئیڈیاز کو عملی شکل دے سکیں اور نئے کاروبار شروع کرکے نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار پیدا کرسکیں۔
وجیہہ قمر نے بتایا کہ ایک سال قبل ایک یونیورسٹی میں تقریباً 100 اسٹارٹ اپس تھے، تاہم اب نوجوانوں میں اسٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورشپ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان 2026‘ نوجوانوں کو اپنے کاروباری منصوبے ملکی اور عالمی سطح پر متعارف کرانے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔




