ریاض: پاکستان اور سعودی عرب نے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے۔
ریاض میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کی وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ اور سعودی عرب کی نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی کے گورنر انجینئر ماجد المزیّد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
مفاہمت کے تحت دونوں ممالک سائبر اسپیس کے تحفظ اور اپنے اہم قومی مفادات کے دفاع کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ دونوں جانب سے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تجربات، معلومات اور تکنیکی مہارتوں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
معاہدے کا مقصد جدید اور ابھرتے ہوئے سائبر خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔




