ریاض: وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی پاکستان کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ ملک ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
لیپ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ حکومت ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ کے وژن کے تحت ملک میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ ٹیکنالوجی کو ملکی معاشی ترقی کا مؤثر ذریعہ بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیرِ آئی ٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے مضبوط ڈیجیٹل رابطوں اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کو مزید وسعت دینا ضروری ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔




