پاکستان
Trending

فیک نیوز اور سائبر حملوں سے تحفظ کے لیے نئی حکمت عملی کی تیاری، تعلیمی نصاب میں ڈیجیٹل آگاہی شامل کرنے کی تجویز

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ غلط معلومات اور فیک نیوز موجودہ دور کے بڑے چیلنجز ہیں، ان سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں بھی فیک نیوز اور مس انفارمیشن کو ایک بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل دنیا میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر مربوط اور جامع نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے نیشنل سائبر سکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو شامل کیا جاسکتا ہے، جبکہ پی ٹی اے کونسل کی قیادت کرے گی اور حکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل آگاہی کو صرف مہمات تک محدود رکھنے کے بجائے پرائمری سے یونیورسٹی کی سطح تک تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی نشاندہی کے لیے لیبلنگ بھی لازمی ہونی چاہیے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہر سرکاری ادارے میں ڈیجیٹل خواندگی کا الگ سیل قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انٹرنیٹ پر ایک کلک شہریوں کی نجی معلومات اور ذاتی ڈیٹا کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سائبر سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کو محفوظ ڈیجیٹل مستقبل فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button