اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ چین کے خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کے طور پر پاکستانی امیدواروں کے نام سامنے آگئے ہیں۔
چینی سفارت خانے نے پاکستانی خلا بازوں ذیشان علی اور خرم داؤد کی تصاویر جاری کردی ہیں اور دونوں ممالک کے مشترکہ خلائی مشن کو سائنسی تعلقات میں تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں پاکستانی امیدواروں میں سے ایک کو حتمی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا، جبکہ دوسرا بطور متبادل خلا باز ذمہ داریاں نبھائے گا۔
اس مشن کے ذریعے پاکستان کو پہلی مرتبہ اپنے کسی خلا باز کو چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ بھیجنے کا موقع ملے گا، جو ملک کے خلائی پروگرام کی ترقی اور عالمی سائنسی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوگی۔




