پاکستان
Trending

وزیراعظم شہباز شریف کا برطانیہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور، 17 لاکھ پاکستانیوں کو دوطرفہ دوستی کا اہم پل قرار دے دیا

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ دوستی کو معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم تقریباً 17 لاکھ پاکستانی نژاد شہری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رابطے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ چھ سال بعد براہ راست فضائی رابطوں کی بحالی بھی اہم پیش رفت ہے، جبکہ پی آئی اے نے اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 5.5 ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے، تاہم اسے مزید بڑھانے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔

علاقائی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنازعات کا حل تصادم کے بجائے مذاکرات سے نکالا جانا چاہیے۔ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں تعمیری کردار ادا کیا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے امن کے قیام کے لیے برطانیہ کی حمایت کو سراہتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستی، تجارت اور تعاون کے رشتے مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button