نیویارک: محفوظ پیغام رسانی کی معروف ایپ سگنل نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ایجنٹس کو صارفین کی نجی گفتگو پڑھنے سے روکنے کے لیے اسکرین شاٹس کی سہولت محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سگنل نے خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ فونز اور دیگر صارفین کے آلات میں اے آئی ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی مداخلت سے ڈیجیٹل پرائیویسی کو نئے خطرات لاحق ہو رہے ہیں اور نجی معلومات کے تحفظ کی ضمانت دینا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
پرائیویسی کے تحفظ کے حوالے سے دنیا بھر میں معروف سگنل نے اپنے نئے حفاظتی اقدامات کو نامکمل قرار دیتے ہوئے ایپل، گوگل اور مائیکروسافٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایپلی کیشنز بنانے والوں کو ایسے مؤثر حفاظتی ذرائع فراہم کریں جن کی مدد سے اے آئی ایجنٹس کو حساس ڈیٹا تک رسائی سے روکا جا سکے۔
کمپنی کے مطابق صرف ایپلی کیشنز کی سطح پر حفاظتی اقدامات کافی نہیں، بلکہ موبائل آپریٹنگ سسٹمز فراہم کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی صارفین کی نجی گفتگو اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔




