ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز 2025 میں آج متوقع پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ بھارتی کھلاڑیوں کے انکار کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں دونوں روایتی حریف ٹیموں کا آمنا سامنا ہونا تھا، تاہم منتظمین کی جانب سے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ بعض بھارتی لیجنڈز کے جذبات کے احترام میں کیا گیا ہے۔
بھارتی کھلاڑیوں کا آفریدی کی موجودگی پر اعتراض
میچ کی منسوخی سے قبل بھارتی میڈیا میں یہ رپورٹس گردش کر رہی تھیں کہ بھارتی ٹیم کے پانچ سینئر کھلاڑیوں عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، سریش رائنا، ہربھجن سنگھ اور شیکھر دھون نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا یا وہ اسٹیڈیم میں موجود ہوئے تو وہ میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق ہربھجن سنگھ اور یوسف پٹھان نے سیاسی کشیدگی اور عوامی جذبات کو جواز بناتے ہوئے میچ سے پہلے ہی دستبرداری اختیار کر لی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی لیجنڈز نے یہ خدشات براہ راست منتظمین کے سامنے رکھے، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ میچ منسوخ کر دیا جائے تاکہ مزید تنازعات سے بچا جا سکے۔
منتظمین کا مؤقف
ڈبلیو سی ایل کے سوشل میڈیا بیان میں کہا گیا ہے:
"ہم نے ہمیشہ کرکٹ کے ذریعے دنیا بھر کے شائقین کو خوشی فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ حالیہ پاک بھارت ہاکی اور والی بال میچز کی حوصلہ افزا مثالوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہم نے بھی مثبت کھیل کا پیغام دینے کا ارادہ کیا۔ تاہم، ایسا لگتا ہے کہ ہم کچھ کھلاڑیوں کے جذبات کو نظرانداز کر بیٹھے، جس پر ہمیں افسوس ہے۔ ہم پاک بھارت میچ کی منسوخی کا فیصلہ جذباتی احترام میں کر رہے ہیں۔”

شاہد آفریدی کی موجودگی متنازع کیوں؟
شاہد آفریدی نہ صرف پاکستان کرکٹ کا ایک بڑا نام ہیں بلکہ کئی مواقع پر اپنے سیاسی اور قومی بیانات کے باعث بھارتی سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں تنقید کی زد میں آ چکے ہیں۔ ان کی WCL میں شمولیت کو بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے سیاسی حساسیت سے جوڑا گیا، جس کے باعث وہ اس میچ میں شرکت سے گریزاں نظر آئے۔
واضح رہے کہ ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز 2025 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے محمد حفیظ کی قیادت میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ شائقین کرکٹ کو امید تھی کہ روایتی حریفوں کے درمیان ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ آج میدان سجے گا، تاہم یہ امیدیں تنازع کے باعث دم توڑ گئیں۔




