بھارتی تیلگو سنیما کے نامور مزاحیہ اداکار فِش وینکٹ گردے اور جگر کی خرابی کے باعث 53 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ کئی روز سے حیدرآباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور وینٹی لیٹر پر منتقل تھے۔
فِش وینکٹ کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو سادہ زندگی گزارنے کے باوجود لاکھوں دلوں پر راج کرتے رہے۔ افسوسناک پہلو یہ رہا کہ جب وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے تھے، تب مالی وسائل کی کمی نے ان کے علاج میں رکاوٹ بن کر سامنے آ گئی۔ ڈاکٹروں نے گردے کی پیوند کاری تجویز کی، لیکن خاندان کے پاس اس مہنگے علاج کے لیے رقم نہ تھی۔
اداکار کی بیٹی شروانتی نے فلمی ستاروں سے مدد کی اپیل کی، جن میں چرن جیوی، پون کلیان، اللو ارجن اور جونیئر این ٹی آر جیسے بڑے نام شامل تھے۔ تاہم، ان کی اپیل بے سود رہی۔ بعض اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکار پربھاس نے مالی امداد دی، مگر بعد میں یہ محض افواہ ثابت ہوئی۔
فِش وینکٹ نے فلم "سمماکا سرکا” سے کیریئر کا آغاز کیا اور 100 سے زائد فلموں میں مزاحیہ کرداروں سے ناظرین کو محظوظ کیا۔
تلنگانہ کے علاقے مصیرآباد میں پیدا ہونے والے وینکٹ کا اصل نام مختلف تھا، مگر وہ بچپن میں مچھلی فروش تھے، جس کی نسبت سے ان کا فلمی نام "فِش” پڑا۔ انہوں نے صرف تیسری جماعت تک تعلیم حاصل کی، مگر ان کی فطری اداکاری اور تلنگانہ لہجے میں مکالمہ کہنے کی مہارت نے انہیں فلمی دنیا کا مستقل حصہ بنا دیا۔
0 14 1 minute read




