کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے سٹیٹس شیئرنگ میں نئے فیچرز شامل کر دیے ہیں، جن سے صارفین کو بہتر اور آسان تجربہ حاصل ہوگا۔ نئی اپ ڈیٹ کے تحت سٹیٹس کا لے آؤٹ تبدیل کر دیا گیا ہے اور ویو کاؤنٹ کو بائیں جانب منتقل کیا گیا ہے، جو انسٹاگرام اسٹوریز جیسی خصوصیت پیش کرتا ہے۔
اس کے علاوہ، سٹیٹس اسکرین کے دائیں جانب دو نئے بٹن شامل کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے صارفین اپنے سٹیٹس کو براہِ راست فیس بک اور انسٹاگرام پر شیئر کر سکیں گے۔ یہ فیچر ٹیکسٹ بیسڈ اسٹیٹس کے لیے بھی دستیاب ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق، ان نئے شیئرنگ بٹنز کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ میٹا کے اکاؤنٹ سینٹر سے لنک کرنا ہوگا، تاہم یہ عمل مکمل طور پر رضاکارانہ ہے اور صارفین جب چاہیں اکاؤنٹ لنک یا ان لنک کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے یقین دلایا ہے کہ چاہے صارف اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ میٹا کے ساتھ لنک کرے یا نہ کرے، اس کے پیغامات اور کالز ہمیشہ محفوظ رہیں گے اور پرائیویسی یا سیکیورٹی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن پر دستیاب ہے اور جلد ہی تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔




