تہران:ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور اس پر جمعہ کو جنیوا میں دستخط کیے جائیں گے۔
نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران ایرانی عوام نے بھرپور استقامت کا مظاہرہ کیا اور اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے رہ کر ملک کا دفاع کیا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق معاہدے میں لبنان کی صورتحال بھی شامل ہے اور اس کے بغیر کوئی بھی جامع فریم ورک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ ایران نے ماضی میں ہونے والی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور اپنے دفاع کے حق کو استعمال کیا، جبکہ عالمی ادارے خطے میں ہونے والی خلاف ورزیوں پر مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ منجمد اثاثوں کی بحالی مذاکرات کا اہم حصہ ہے اور ایران اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے، تاہم معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داری متعلقہ فریق پر عائد ہوگی۔



