واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک برکس (BRICS) کی امریکہ مخالف پالیسیوں کی حمایت کریں گے، ان پر 10 فیصد اضافی درآمدی ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر کہا کہ امریکہ جلد مختلف ممالک کو خطوط بھیجے گا جن میں مخصوص ٹیرف شرح اور تجارتی معاہدوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب برکس کے 11 رکن ممالک برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں سربراہی اجلاس کے لیے جمع ہیں۔ اجلاس میں امریکہ کی تجارتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی گئی اور اسے عالمی معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔
برکس میں برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، ایران، مصر، متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ اجلاس میں چینی صدر کی غیر موجودگی میں وزیراعظم لی کیانگ نے شرکت کی، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے آن لائن خطاب کیا۔
اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں امریکہ کی ٹیرف پالیسی کو "غیر قانونی اور عالمی تجارتی اصولوں کے منافی” قرار دیا گیا۔ برکس نے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدامات عالمی تجارت کو نقصان پہنچائیں گے اور سپلائی چین میں خلل ڈالیں گے۔




