اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات طلال چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط اور فعال مورچہ قائم کر چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں آزادی اظہار کو خاموشی کے طور پر نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دفاعی دیوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دہشت گردی سے متعلق مواد فوری طور پر ہٹائیں کیونکہ دہشت گرد تنظیمیں سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی بھرتی کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے دہشت گردی سے منسلک سینکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے ٹی ٹی پی اور آئی ایس کے پی پر پابندیاں عائد کی ہیں جبکہ امریکہ اور برطانیہ نے بلوچ لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سوشل میڈیا پر دہشت گردی سے متعلق 2417 شکایات زیر غور ہیں۔
بیرسٹر عقیل نے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں دفاتر کھولنے کی دعوت دی ہے تاکہ ڈیٹا شیئرنگ اور تعاون کو بہتر بنایا جا سکے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔




