پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف اہم دو روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں دو روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق استنبول ایئرپورٹ پر ترک وزیردفاع،گورنر استنبول اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر یوسف جنید نے پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف آج ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کریں گے، دوران ملاقات دونوں رہنما دفاع،معیشت،سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزیدوسعت دینے پر بھی بات چیت کریں گے۔

شہبازشریف پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکیہ کے عوام اور صدر رجب طیب اردگان کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 25 سے 30 مئی 2025 تک ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔

بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کریں گے۔

وزیراعظم 29 اور 30 مئی 2025 کو تاجکستان کے شہر دوشنبے میں گلیشیئرز پر بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ پہلگام میں 22 اپریل کو سیاحوں پر حملے اور بعد ازاں بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں دراندازی کے جواب میں پاک فوج نے آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔

اس جنگ کے دوران ترکیہ، آذربائیجان، ایران اور تاجکستان نے پاکستان کے دفاع کے حق کی کھل کر حمایت کی، ترکیہ اور آذربائیجان کی جانب سے کھلی حمایت کے بعد بھارت میں ان دونوں ممالک کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button