لاہور :پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ہانیہ عامر کو اقوام متحدہ ویمن پاکستان کا نیا نیشنل گڈ وِل ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے، جو ان کے کیریئر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
اقوام متحدہ ویمن کے اعلامیے کے مطابق، ہانیہ عامر اپنے اثر و رسوخ اور مقبولیت کو صنفی برابری، خواتین کے حقوق اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے استعمال کریں گی۔ وہ مختلف مہمات اور آگاہی پروگرامز کا حصہ بنیں گی جن کا مقصد خواتین اور لڑکیوں کے لیے ایک محفوظ اور مساوی معاشرہ تشکیل دینا ہے۔
سوشل میڈیا پر 1 کروڑ 90 لاکھ فالوورز کے ساتھ، ہانیہ نہ صرف پاکستان کی بلکہ خطے کی بھی مقبول ترین شخصیات میں شامل ہو چکی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3 میں کام کرکے بین الاقوامی شہرت حاصل کی، جبکہ انہیں گلوبل اسٹار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
اقوام متحدہ ویمن کا کہنا ہے کہ ہانیہ عامر کی شمولیت ایک مثبت پیغام ہے کہ نوجوان آوازیں دنیا میں حقیقی تبدیلی لا سکتی ہیں۔




