کیلیفورنیا : گوگل کروم نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر "اسپلٹ ویو” متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے ویب براؤزنگ کا تجربہ مزید آسان اور تیز ہو جائے گا۔ یہ فیچر صارفین کو بیک وقت دو ٹیبز کو سائیڈ بائی سائیڈ کھولنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے ویب صفحات کو ایک ہی اسکرین پر دیکھنا اور کام کرنا آسان ہو جائے گا۔
اسپلٹ ویو فیچر کی خصوصیات:
دو ٹیبز کو سائیڈ بائی سائیڈ اوپن کرنا: اس فیچر کے ذریعے صارفین بیک وقت دو مختلف ویب صفحات کو ایک ہی اسکرین پر دیکھ سکتے ہیں، جس سے وقت کی بچت اور کام کی رفتار میں اضافہ ہوتا ہے۔
پوزیشن تبدیلی: اسپلٹ ویو میں آپ دونوں ٹیبز کی پوزیشن تبدیل کر سکتے ہیں، یعنی ایک ٹیب کو دائیں اور دوسرے کو بائیں طرف منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، آپ ان ٹیبز میں سے کسی ایک کو بڑا اور دوسرے کو چھوٹا بھی کر سکتے ہیں۔
آسان استعمال: گوگل کروم میں اس فیچر کے آنے سے پہلے، اس طرح کے تجربے کے لیے صارفین کو تھرڈ پارٹی ایپس یا دو الگ الگ براؤزر ونڈوز کا استعمال کرنا پڑتا تھا، لیکن اب اسپلٹ ویو فیچر میں یہ سب کچھ صرف چند کلکس میں ممکن ہو گیا ہے۔
فیچر کو کیسے استعمال کریں؟
اگر آپ یہ فیچر ابھی چیک کرنا چاہتے ہیں، تو یہ بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے اور ابھی تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔ تاہم، اگر آپ اس فیچر کو ابھی آزمانا چاہتے ہیں، تو آپ کروم میں کسی بھی ٹیب پر رائٹ کلک کریں اور دیکھیں کہ "نیو اسپلٹ ویو ود کرنٹ ٹیب” کا آپشن آ رہا ہے یا نہیں۔
اگر یہ آپشن نظر نہیں آ رہا، تو آپ کروم کے "فلیگ” آپشن کو فعال کر کے اس فیچر کی آزمائش کر سکتے ہیں:
کروم ایڈریس بار میں chrome://flags/#side-by-side ٹائپ کریں۔
اسپلٹ ویو آپشن کو "ان ایبل” کریں۔
پھر "ری لانچ” بٹن پر کلک کریں۔
اس کے بعد آپ اس فیچر کا استعمال کر سکیں گے اور نئے آپشن "نیو اسپلٹ ویو ود کرنٹ ٹیب” پر کلک کر کے دوسری ویب سائٹ کھول سکتے ہیں.




