راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں نے میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، جہاں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں تاکہ خامیوں کو دور کیا جا سکے اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
سری لنکن ٹیم کا سٹیڈیم پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، جہاں شائقین کرکٹ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے سری لنکن کھلاڑیوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی سری لنکن کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر شائقین کرکٹ نے جوش و جذبے سے کہا کہ "دہشت گردی کو بولڈ آؤٹ کر دیا گیا ہے”، اور پاکستان اور سری لنکا کی دوستی کی ہمیشہ حمایت کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ سری لنکن ہائی کمشنر، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، اور کہا کہ اس میچ کو محفوظ اور کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ پاکستان نے 300 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 293 رنز بنا کر 9 وکٹوں کے نقصان پر میچ ہار گئی۔ اس سیریز کا دوسرا میچ جیت کر پاکستان سری لنکا کے خلاف سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔




