کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن میں ایک نئی اور بڑی تبدیلی متعارف کرائی ہے، جس کا کئی سالوں سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ واٹس ایپ کے نئے فیچر کے تحت، صارفین اب کسی دوسری میسیجنگ ایپ پر براہ راست پیغامات بھیج سکیں گے۔ یہ فیچر ابتدائی طور پر یورپ میں آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کے ذریعے، صارفین وائس نوٹس، تصاویر، ویڈیوز، ٹیکسٹ اور فائلز کو دوسری میسیجنگ ایپلیکیشنز پر بھیج سکیں گے۔ تاہم، یہ بات واضح کی گئی ہے کہ واٹس ایپ سٹیٹس اس فیچر کے ذریعے شیئر نہیں کیا جا سکے گا۔ فی الحال یہ فیچر صرف ایک ایپ تک محدود ہے، لیکن مستقبل میں واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو مزید ایپس کے ساتھ اس فیچر کا استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ فیچر ابھی صرف یورپین یونین کے ممالک میں متعارف کرایا گیا ہے اور اسے محدود پیمانے پر پیش کیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ اپنے صارفین کو ایک نیا تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ اسے جلد ہی دوسرے خطوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کی متعارف کرانے کے بعد دیگر میسیجنگ ایپس کے درمیان پیغامات کا تبادلہ اور بھی آسان ہو جائے گا، جو کہ صارفین کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتا ہے۔




