ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے زور دیا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے بالاتر رکھنا ہوگا، اور ایشین کرکٹ کونسل کو صرف کھیل کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اے سی سی کا آج کا اجلاس انتہائی کامیاب رہا، جس میں ایشیائی کرکٹ کونسل کے تمام پچیس رکن ممالک نے بھرپور شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں شریک تمام ممالک اس بات پر متفق تھے کہ اے سی سی کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک رکھا جائے اور کرکٹ کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا اے سی سی ایک خالصتاً اسپورٹس پلیٹ فارم ہے، ہمیں اسے ایشیائی کرکٹ کے فروغ کا ذریعہ بنانا ہے، اور تمام رکن ممالک اس اصول پر یک زبان ہیں۔
ایشیا کپ کے اعلان کا انتظار، بھارت کے ساتھ رابطے جاری
انہوں نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) ایشیا کپ کے حوالے سے اپنی اسپانسر کمپنیز سے مشاورت کے بعد جلد ایشین کرکٹ کونسل کو حتمی تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ ان کے مطابق، اے سی سی بھارت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور امید ہے کہ ایشیا کپ کی تاریخوں کا جلد باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔
ایشیا کپ سے قبل ٹرائی نیشن سیریز دبئی میں ہوگی
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ایشیا کپ سے قبل ایک ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز کا انعقاد دبئی میں کیا جائے گا، جس میں پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
0 14 1 minute read




