کیلیفورنیا: اگر آپ انسٹاگرام ریلز کو فون پر دیکھنا پسند کرتے ہیں، تو اب آپ انہیں بڑی اسکرین پر بھی دیکھ سکیں گے۔ میٹا نے ایمازون کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے "انسٹاگرام فار ٹی وی” ایپ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے انسٹاگرام ریلز کو مخصوص فائر ٹی وی ڈیوائسز پر دیکھا جا سکے گا۔
نئی ایپ صارفین کو نہ صرف ریلز دیکھنے کی سہولت فراہم کرے گی بلکہ انہیں لائیک کرنے اور شیئر کرنے کا اختیار بھی دے گی۔ اس کے علاوہ، صارفین اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس کو سوئچ کرکے اپنی پسند کے مواد کو تلاش کرسکیں گے اور کریئٹرز یا دوسرے اکاؤنٹس کو سرچ کرسکیں گے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین کو فون کی طرح ایک ٹی وی اسکرین پر انسٹاگرام استعمال کرنے کا تجربہ ملے گا۔
"انسٹاگرام فار ٹی وی” ایپ ایمازون ایپ اسٹور میں دستیاب ہے اور 5 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو سپورٹ کرے گی، یعنی ایک ہی گھر کے مختلف افراد بھی اس ایپ کو استعمال کرسکیں گے۔ ایپ میں انسٹاگرام کے ریکومینڈیشن الگورتھم کا استعمال کیا جائے گا، جس سے مواد کی تلاش موبائل ایپ جیسا ہی ہوگا۔
یہ ایپ فی الحال صرف امریکا میں صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور دیگر ممالک میں متعارف کرانے کا وقت ابھی تک واضح نہیں.




