کرانس مونٹانا: سوئٹزرلینڈ کے مشہور اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں نئے سال کی رات ایک بار میں دھماکے اور لگنے والی آگ نے جشن کے لمحے کو خوفناک حادثے میں بدل دیا۔ حکام کے مطابق اس دھماکے میں کم از کم 40 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے، جن میں بیشتر کی حالت نازک ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر حادثاتی تھا اور دہشت گردی کا کوئی پہلو نہیں ملا۔ دھماکہ یکم جنوری کی رات تقریباً 1:30 بجے “لے کانسٹیلیشن” نامی بار میں ہوا، جہاں لوگ نئے سال کا جشن منا رہے تھے۔
استغاثہ کی نمائندہ بیٹریس پیلود نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور فرانزک ٹیمیں ہلاک شدگان کی شناخت کر رہی ہیں تاکہ لواحقین کو جلد از جلد اطلاع دی جا سکے۔
والیس کینٹن کے سیکیورٹی سربراہ اسٹیفن گانزر نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو مختلف شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا اور ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے۔
حادثے کے بعد پورا علاقہ سیل کر دیا گیا اور فضائی حدود میں نو فلائی زون نافذ کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں 10 ہیلی کاپٹر اور 40 ایمبولینسیں حصہ لے رہی ہیں۔
سوئس صدر گی پارملین نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ خوشی کے اس لمحے نے پورے ملک کے لیے سوگ میں بدل دیا۔ اٹلی کے وزیر خارجہ نے امکان ظاہر کیا کہ آگ آتش بازی کی وجہ سے لگی ہو سکتی ہے، لیکن اس پہلو کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔




