پاکستان نیوی نے بحیرۂ عرب میں منعقدہ جامع بحری مشقوں کے دوران اپنی جنگی تیاری، آپریشنل مہارت اور جدید دفاعی صلاحیتوں کا مؤثر مظاہرہ کیا۔ ان مشقوں کا مقصد کسی بھی ممکنہ بحری اور فضائی خطرے سے نمٹنے کے لیے فورس کی ہمہ وقت تیاری کو جانچنا تھا۔
مشقوں میں روایتی بحری جنگی نظاموں کے ساتھ ساتھ بغیر پائلٹ نظاموں کو بھی شامل کیا گیا، جس سے جدید بحری جنگی ماحول میں پاکستان نیوی کی ہمہ جہتی صلاحیتوں کا اظہار ہوا۔ مشقوں کا نمایاں مرحلہ ورٹیکل لانچنگ سسٹم ایل وائی–80 این (LY-80N) کے ذریعے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ تھی۔
لائیو فائرنگ کے دوران ایل وائی–80 این میزائل نے ایک فضائی ہدف کو نہایت درستگی کے ساتھ نشانہ بنا کر تباہ کیا، جس سے پاکستان نیوی کے جدید فضائی دفاعی نظام کی طویل فاصلے تک مؤثر صلاحیتوں کی تصدیق ہوئی۔
یہ بحری مشقیں پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ملکی سمندری سرحدوں کے تحفظ کے لیے اس کے پختہ عزم کی عکاس ہیں۔




