اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر کے دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ روانہ ہو گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، وزیراعظم یہ دورہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر کر رہے ہیں، جس کا محور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اہم وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، جو اپنے قطری ہم منصبوں کے ساتھ تکنیکی امور پر مشاورت کریں گے۔دوحہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی۔ ملاقات میں سیاسی استحکام، توانائی کے شعبے میں تعاون، اور تجارتی حجم میں اضافے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستانی افرادی قوت (Manpower) کے لیے قطر میں مزید روزگار کے مواقع اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں کو بھی ایجنڈے کا حصہ بنایا گیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں، بالخصوص توانائی اور بندرگاہوں کی ترقی (Port Development) کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔




