پاکستان
Trending

پشین میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی: خودکش بمبار سمیت 5 خارجی دہشت گرد جہنم واصل

 

پشین/راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کا محاصرہ کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں 4 خارجی ہلاک ہو گئے۔
ایک دہشت گرد نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں فتنہ الخوارج کی ایک مکمل تشکیل کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے، جو علاقے میں دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھی۔
اس کامیاب کارروائی پر ملک کی اعلیٰ قیادت نے سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو سراہا ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اس ناسور کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں، ہم ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button