انڈیا کے شہر حیدرآباد میں جاری عالمی مقابلہ حسن یعنی مس ورلڈ کے مقابلے میں مس انگلینڈ کی جانب سے ناروا سلوک کے الزام کے بعد کنارہ کشی اختیار کرنے کی بات ابھی پرانی نہیں ہوئی تھی کہ تھائی لینڈ کا مس گرینڈ انٹرنیشنل مقابلہ جیتنے والی انڈیا کی ریچل گپتا نے بھی اس بیوٹی پیجنٹ پر ناروا سلوک کے ساتھ ساتھ ہراساں کرنے اور باڈی شیمنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے اپنے ٹائٹل سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
جبکہ مس گرینڈ انٹرنیشنل تنظیم نے بھی ایک بیان میں ریچل گپتا سے تاج واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ بطور کوئین مس گرینڈ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی تھی۔’
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب مس گرینڈ انٹرنیشنل یا ایم جی آئی کہلانے والے بیوٹی پیجنٹ نے28 مئی کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ 2024 کی فاتح مس انڈیا ریچل گپتا کا تاج واپس لے رہے ہیں۔
اس کے جواب میں اسی روز ریچل گپتا نے پہلے تو اعلان کیا کہ وہ اس ٹائٹل سے مستعفی ہو رہی ہیں تاہم بعد میں یوٹیوب پر ایک طویل ویڈیو پوسٹ کی اور اسے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لنک کیا تاکہ وہ اس فیصلے کی وجوہات بتا سکیں۔
اس ویڈیو میں ریچل گپتا نے دعویٰ کیا کہ ‘یہ ویڈیو گذشتہ سات ماہ میں ان کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے بارے میں ہے جسے سن کر سب کو ایک صدمہ پہنچے گا۔’




