لاہور : پاکستان سپر لیگ (HBL PSL) کے نئے ایڈیشن کی چمکتی دمکتی ‘انفینیٹی ٹرافی’ اپنے ملک گیر دورے کے آخری مرحلے میں پشاور سے لاہور پہنچ گئی ہے۔ ٹرافی کے اس سفر نے ملک بھر کے کرکٹ شائقین میں فائنل کا جوش و خروش دوچند کر دیا ہے۔اس شاہکار ٹرافی کی پہلی جھلک 11 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دکھائی گئی تھی، جہاں اس کی باقاعدہ رونمائی ہوئی۔
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں قیام اور شائقین کی توجہ سمیٹنے کے بعد اب یہ ٹرافی پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچ چکی ہے۔’انفینیٹی’ (Infinity) کا مطلب ‘لامتناہی’ ہے، جو کرکٹ کے کھیل سے جڑے پاکستانیوں کے نہ ختم ہونے والے جنون کی عکاسی کرتا ہے۔
لاہور میں قیام کے دوران ٹرافی کو مختلف تعلیمی اداروں اور تاریخی مقامات پر لے جایا جائے گا تاکہ نوجوان نسل اس کرکٹ فیسٹیول کا حصہ بن سکے۔
لاہور کے کرکٹ دیوانوں کا کہنا ہے کہ ٹرافی کی آمد نے شہر میں میلے کا سماں پیدا کر دیا ہے۔ ہر مداح کی خواہش ہے کہ اس کی پسندیدہ ٹیم اس خوبصورت ٹرافی کو اٹھا کر فاتح کہلائے۔ پی سی بی حکام کے مطابق ٹرافی کا یہ دورہ ایونٹ کی تشہیر اور ‘برینڈ پی ایس ایل’ کو مزید مقبول بنانے کا حصہ ہے۔




