اسلام آباد میں 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے بے رحمانہ قتل پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مجرم کو سزا دینے کی اپیل کی ہے۔
ایک شخص نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے گھر میں گھس کر انھیں دو گولیاں ماریں اور موقع سے فرار ہوگیا۔
ثنا کی والدہ کی مدعیت میں درج مقدمے کے بعد، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر حیات کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد پولیس کے سربراہ کے مطابق، ملزم عمر حیات بھی ایک ٹک ٹاکر ہے جو ثنا سے دوستی کا خواہشمند تھا، تاہم ثنا کے بار بار انکار پر اُس نے یہ سفاکانہ قدم اٹھایا۔
شوبز انڈسٹری سے وابستہ کئی معروف فنکاروں نے اس واقعے پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے۔
اداکارہ ماورا حسین نے اس دلخراش واقعے پر دکھ اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ڈرامہ انڈسٹری اور فلمیں جب زبردستی کے رشتوں، جنونی محبت اور ’نہ‘ کو رومانی انداز میں دکھاتی ہیں تو وہ نوجوان ذہنوں میں زہر گھولتی ہیں، پھر جب کوئی لڑکی انکار کرتی ہے، تو لڑکے اسے اپنی انا کی توہین سمجھتے ہیں، کیونکہ ہم نے انہیں کہانیوں میں سکھایا ہے کہ ’نہیں‘ کا مطلب ’ہاں‘ ہوتا ہے۔




