پاکستان
Trending

اقوام متحدہ چارٹر کی پاسداری کی جائے، عالمی قوانین کا یکساں اطلاق ضروری ہے: اسحاق ڈار

 

نیویارک :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں ایک اہم سیشن سے خطاب کرتے ہوئے عالمی امن، تزویراتی استحکام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس اہم ترین سیشن کے انعقاد پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بدلتے ہوئے حالات میں یہ سیشن وقت کی اہم ضرورت تھا۔

اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر نے ریاستوں کے مابین تعلقات کے اصول وضع کیے اور شہریوں کو مساوات و حقِ خودارادیت جیسے بنیادی حقوق دیئے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر سختی سے کاربند ہے اور دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کا ہمیشہ سے حامی رہا ہے، کیونکہ عالمی چارٹر کے تحت امن کا فروغ اور تنازعات کا حل تمام ریاستوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

پانی کے تزویراتی مسئلے اور علاقائی معاملات پر سخت موقف اپناتے ہوئے اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پانی کا بطور ہتھیار استعمال کسی صورت قبول نہیں، اور پاکستان سندھ طاس معاہدے کی کسی بھی یکطرفہ معطلی کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا۔ انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 8 دہائیوں سے حل طلب ہے، جس کے مستقل حل کے لیے عالمی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنانا ہوگا۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی نے دنیا بھر میں شدید معاشی چیلنجز پیدا کیے۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن مذاکرات کے فروغ کے لیے مخلصانہ کاوشیں کی ہیں، اور ہم ان کوششوں کی حمایت پر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔
نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے ڈھانچے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی ادارے میں منصفانہ اور جمہوری اصلاحات کا حامی ہے۔ چند مخصوص ملکوں کو فائدہ دینے کے بجائے تمام رکن ممالک کے مساوی کردار کو تسلیم کرنا ہوگا، اور پاکستان عالمی چارٹر کی پاسداری کے لیے دنیا کے تمام ممالک سے تعاون کے عزم پر قائم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button