واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے اور واشنگٹن اسے برقرار رکھے گا۔ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ایران کی فوجی اور معاشی صورتحال سے متعلق سخت دعوے کیے۔
ٹرمپ کے مطابق امریکی بحری ناکہ بندی کو فولادی دیوار قرار دیا جا رہا ہے اور ایران اس کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب بحریہ اور فضائیہ موجود نہیں، جبکہ پاسداران انقلاب کے ارکان بھی تباہی کے بعد فرار ہو رہے ہیں۔
امریکی صدر نے ایرانی قیادت کی صورتحال کو انتہائی غیر یقینی اور ابتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس پیسہ نہیں بچا اور ملک کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔ ٹرمپ نے ایران میں 300 فیصد سے زائد مہنگائی کا بھی دعویٰ کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران صرف باتیں کرتا ہے، عملی اقدامات نہیں کرتا اور اب وہ مشرق وسطیٰ کا بدمعاش نہیں رہا۔




