راولپنڈی/اسلام آباد: جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی آگئی، جبکہ متعدد نشیبی علاقے اور اہم شاہراہیں بارش کے پانی میں ڈوب گئیں۔ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور واسا سمیت متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر خطرناک حد تک بلند ہوئی، جبکہ گوالمنڈی پل پر بھی پانی کا بہاؤ بڑھ گیا۔ انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے حساس مقامات کی نگرانی شروع کردی اور شہریوں کو نالوں کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارشی پانی سڑکوں اور انڈرپاسز میں جمع ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سیدپور سمیت مختلف علاقوں میں قابلِ ذکر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ واسا کی ٹیمیں نکاسیٔ آب کے لیے ہیوی مشینری کے ہمراہ فیلڈ میں موجود ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق بارش کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بچوں کو برساتی نالوں سے دور رکھیں اور پانی کی سطح میں اضافے کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔




