ٹوکیو: جاپان کے جزیرے ہونشو میں 5.8 شدت کے زلزلے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ بعض علاقوں میں ٹرین سروس عارضی طور پر روک دی گئی۔
جرمن ریسرچ سنٹر فار جیو سائنسز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہونشو کے مشرقی ساحلی علاقے کے قریب 78 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے بعد متعلقہ اداروں نے متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات شروع کردیے، جبکہ ٹرین سروس معطل کیے جانے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کی جانب سے ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر صورتحال کی نگرانی جاری ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




