کاروبار

اسلام آباد: 5.5 کروڑ کا منڈی ٹھیکہ، کنٹریکٹر ضلعی انتظامیہ سے مایوس

اسلام آباد: ساڑھے پانچ کروڑ کا مویشی منڈی ٹھیکہ لینے والا کنٹریکٹر ضلعی انتظامیہ سے شدید مایوس
غیر قانونی منڈیوں اور سڑکوں پر خرید و فروخت سے کروڑوں کا نقصان، عثمان قریشی کا شکوہ

اسلام آباد- اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رواں سال مویشی منڈیوں کا ٹھیکہ لینے والے کنٹریکٹر عثمان قریشی نے انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور نااہلی پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی منڈیوں اور سڑکوں پر جانوروں کی خرید و فروخت سے اس کا کروڑوں روپے کا سرمایہ ڈوب رہا ہے، جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان قریشی نے بتایا کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کو ساڑھے پانچ کروڑ روپے (550 لاکھ) ادا کر کے ترنول سے سنگجانی ٹول پلازہ تک مویشی منڈیوں کا باضابطہ ٹھیکہ حاصل کیا۔ تاہم، اس کے بعد انہیں انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا عملی تعاون نہیں ملا۔

کنٹریکٹر کا کہنا تھا کہ ٹھیکہ ملنے کے باوجود انتظامیہ نے غیر قانونی منڈیوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترنول سے سنگجانی ٹول پلازہ کے درمیان متعدد مقامات پر غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم ہیں جہاں روزانہ لاکھوں روپے کی خرید و فروخت ہو رہی ہے۔ ان منڈیوں میں جانوروں کی خرید و فروخت کھلے عام ہو رہی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ خاموشی سے تماشہ دیکھ رہی ہے۔

عثمان قریشی نے مزید انکشاف کیا کہ صورتحال یہاں تک بگڑ چکی ہے کہ سڑکوں پر بھی جانوروں کی خرید و فروخت جاری ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ سرکاری ریونیو کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ناک کے نیچے یہ غیر قانونی سرگرمیاں ہو رہی ہیں لیکن کسی قسم کا ایکشن نہیں لیا جا رہا۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے اور سڑکوں پر جانوروں کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کو منڈی کے اندر کاروبار کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ قانونی منڈی کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

کنٹریکٹر عثمان قریشی نے واضح کیا کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے بروقت اقدامات نہ کیے تو ان کا سرمایہ مکمل طور پر ضائع ہو جائے گا اور آئندہ کوئی بھی شخص اتنی بڑی رقم دے کر سرکاری نیلامی میں حصہ لینے سے ہچکچائے گا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button