نیویارک: اقوام متحدہ نے افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور خواتین و لڑکیوں پر عائد پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو انسانی حقوق اور سلامتی سمیت متعدد سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق پر عائد پابندیوں، حکمرانی کے مسائل اور دہشتگردی کے خطرات کو اہم خدشات میں شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم، روزگار اور عوامی زندگی میں شرکت پر عائد پابندیوں کے باعث ان کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
اقوام متحدہ نے افغانستان سے متعلق سلامتی کے خدشات کا بھی ذکر کرتے ہوئے دہشتگرد گروہوں کی موجودگی اور ان سے پیدا ہونے والے ممکنہ علاقائی اثرات پر توجہ دلائی ہے۔
عالمی ادارے نے افغانستان میں انسانی حقوق کے احترام، خواتین اور لڑکیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور پائیدار امن و استحکام کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔




