اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی بحالی کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کی آمدن پہلی مرتبہ 100 ارب روپے سے بڑھ گئی ہے، جبکہ اسے 160 ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ عوام ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کے بعد دیگر ٹرینوں کو بھی مرحلہ وار جدید بنایا جائے گا۔ مزید ٹرینوں کی بہتری کے لیے جون اور دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر تک محکمے سے جعلی ملازمین کا خاتمہ کر دیا جائے گا، جبکہ مقررہ اہداف کی تکمیل کے لیے ملازمین کو چھٹیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشنز کی سکیورٹی بہتر بنانے اور انہیں جدید سہولیات سے آراستہ کرنے پر بھی کام جاری ہے، تاکہ مسافروں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




